بلوچستان میں موسلادھار بارش، مختلف حادثات میں 2افراد جاں بحق، فصلیں تباہ

بلوچستان میں  موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث صوبے کے بیشتر علاقے جل تھل ہوگئے جبکہ مختلف اضلاع میں جانی و مالی نقصانات بھی رپورٹ ہوئے ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق حالیہ بارشوں کے نتیجے میں ضلع کیچ میں دو افراد جاں بحق ہوگئے، جبکہ کوہلو اور ہرنائی میں چھتیں گرنے کے واقعات میں ایک بچی سمیت دو افراد زخمی ہوئے ہیں۔ خاران، تربت، کیچ، نوشکی اور پنجگور سمیت مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش اور ژالہ باری کے باعث مقامی ندی نالوں میں طغیانی آئی، جس سے کچے مکانات اور شاہراہوں کو نقصان پہنچا۔

کوئٹہ شہر میں بھی گزشتہ شب سے جاری بارش کے باعث نکاسی آب کا نظام متاثر ہوا اور متعدد نالے و نالیاں بند ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ادارہ الرٹ ہے۔

دوسری جانب، مستونگ کے مختلف علاقوں میں گزشتہ شب سے وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ ضلعی انتظامیہ مستونگ نے آب گل، غلام پڑینز، آماچ اور دیگر پہاڑی و تفریحی مقامات پر پکنک منانے پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔

انتظامیہ نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ بارش کے دوران تفریحی مقامات کا رخ نہ کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق شہری احکامات پر عمل درآمد یقینی بنائیں، بصورت دیگر خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ صوبے کے بیشتر اضلاع میں مطلع جزوی ابر آلود رہے گا اور مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان برقرار ہے۔ نوشکی، مستونگ، قلات، سوراب، کوئٹہ، چمن، ژوب، شیرانی اور بولان سمیت دیگر علاقوں میں بارش متوقع ہے جبکہ بعض مقامات پر ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پسنی میں 36 ملی میٹر، اورماڑہ میں 19 ملی میٹر اور پشین میں 11 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ ژوب اور کوئٹہ سمیت دیگر علاقوں میں ہلکی بارش ہوئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا یہ سلسلہ 29 مارچ تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

دوسری جانب مختلف شہروں میں کم سے کم درجہ حرارت بھی ریکارڈ کیا گیا، جن میں کوئٹہ اور قلات میں 9، زیارت میں 6، ژوب میں 10، سبی میں 17، تربت اور نوکنڈی میں 20 جبکہ گوادر اور جیوانی میں بالترتیب 22 اور 23 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

Source: https://www.express.pk/story/2805662/heavy-rains-in-balochistan-2-dead-in-incidents-crops-devastated-2805662/

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *