ایف آئی اے خیبرپختونخوا میں خواتین آفیسر ہمت و حوصلے کی اعلیٰ مثال

ایف آئی اے پشاور زون کی سب انسپکٹر لیلیٰ منان نے کہا ہے کہ خواتین زندگی کے ہر شعبے میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہی ہیں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں میں بھی اہم اور موثر کردار ادا کر رہی ہیں۔

عالمی یومِ خواتین کے موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے لیلیٰ منان نے کہا کہ وردی پہن کر قوم کی خدمت کرنا ایک اعزاز بھی ہے اور ایک بڑی ذمہ داری بھی۔ انہوں نے کہا کہ خواتین افسران تحقیقاتی امور، فیلڈ آپریشنز اور عوامی خدمت سمیت ہر مشکل ذمہ داری احسن طریقے سے انجام دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ معاشرے کی ترقی کے لئے ضروری ہے کہ خواتین کو برابر کے مواقع فراہم کیے جائیں تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو مکمل طور پر بروئے کار لا سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جب خواتین کو آگے بڑھنے کا موقع دیا جاتا ہے تو وہ نہ صرف اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں بہتر انداز میں نبھاتی ہیں بلکہ معاشرے کی مثبت تبدیلی میں بھی اہم کردار ادا کرتی  ہیں۔

لیلی منان نے کہا کہ خواتین صرف گھر تک محدود نہیں بلکہ وہ معاشرے کا مضبوط ستون ہیں۔ چاہے وردی میں ہوں یا کسی اور شعبے میں، خواتین اپنی محنت، ہمت اور مستقل مزاجی سے ہر میدان میں کامیابی حاصل کر سکتی ہیں، انہیں صرف اعتماد اور مواقع کی ضرورت ہوتی ہے۔

انہوں نے نوجوان لڑکیوں کو بھی پیغام دیا کہ وہ بلا جھجھک قانون نافذ کرنے والے اداروں سمیت دیگر شعبوں میں آگے آئیں اور ملک و قوم کی خدمت میں اپنا کردار ادا کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ بااختیار اور تعلیم یافتہ خواتین ہی ایک مضبوط اور ترقی یافتہ معاشرے کی بنیاد ہوتی ہیں۔

انہوں نے عالمی یومِ خواتین کے موقع پر ملک بھر میں مختلف شعبوں میں خدمات انجام دینے والی خواتین کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی محنت اور قربانیاں آنے والی نسلوں کے لیے ایک روشن مثال ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *