کیا آپ کم بجٹ میں ملکی اور غیر ملکی ٹور کرنا چاہتے ہیں؟ جانیے کیسے!

دنیا بھر میں سفر کو ہمیشہ ہی سے مہنگا سمجھا جاتا ہے، لیکن حقیقت یہ ہے کہ مناسب منصوبہ بندی، تحقیق اور چند بنیادی ٹپس پر عمل کرتے ہوئے کم بجٹ میں بھی بہترین اور یادگار سفر کیا جا سکتا ہے۔
ٹریول ایکسپرٹس کا کہنا ہے کہ اخراجات کم کرنے کے لیے سفر سے پہلے کی منصوبہ بندی سب سے اہم مرحلہ ہوتا ہے اور یہی مرحلہ پورے بجٹ کو کنٹرول میں رکھتا ہے۔
مناسب وقت کا انتخاب
سب سے پہلے مناسب وقت کا انتخاب بہت اہم ہے۔ مثلاً غیر موسمی دنوں (آف سیزن) میں سفر کرنا لاگت کو کافی حد تک کم کر دیتا ہے۔ ہوٹلوں، ٹرانسپورٹ اور ٹور پیکیجز کی قیمتیں آف سیزن میں کم ہوتی ہیں جب کہ رش کم ہونے کی وجہ سے سفر زیادہ پُرسکون بھی ہوتا ہے۔
اسی طرح فلائٹس اور بس ٹکٹس پہلے سے بک کروا لینے سے بھی بڑا فائدہ حاصل ہوتا ہے، جس کی وجہ یہ ہے کہ عموماً آخری یا عین وقت پر کرایے اور ٹکٹیں ہمیشہ زیادہ ہوتی ہیں۔
دورانِ سفر رہائش
رہائش کسی بھی سفر کا سب سے اہم حصہ ہے۔ تھری یا فور اسٹار ہوٹلز کے بجائے صاف ستھرے گیسٹ ہاؤسز، ہاسٹل یا ہوم اسٹے بہترین انتخاب ثابت ہو سکتے ہیں۔ ان کی قیمتیں کم ہونے کے ساتھ ساتھ اس میں مقامی لوگوں سے ملنے اور مقامی تہذیب کو قریب سے دیکھنے کا موقع بھی ملتا ہے۔
اسی طرح اگر گروپ کی صورت میں سفر کیا جائے تو رہائش اور ٹرانسپورٹ کے اخراجات مزید کم ہو جاتے ہیں۔
کھانا پینا
سفر کے دوران کھانے پینے کے معاملے میں بچت کے لیے ضروری ہے کہ مقامی مارکیٹوں اور چھوٹے ریستورانوں کا انتخاب کیا جائے۔ مہنگے ہوٹلوں کی نسبت ان جگہوں پر نہ صرف قیمت کم ہوتی ہے بلکہ ذائقہ بھی مقامی اور تازہ ہوتا ہے۔ پانی، اسنیکس اور چھوٹی ضروری اشیا اپنے ساتھ رکھنا بھی اخراجات کو کنٹرول میں رکھتا ہے۔
ٹرانسپورٹ کا انتخاب بھی سفر کے بجٹ کو براہ راست متاثر کرتا ہے۔ لوکل بسیں، شیئرڈ کار سروسز یا ٹرین کا استعمال کم بجٹ سفر کے لیے بہترین آپشنز ہیں۔ کئی مقامات پر محدود علاقوں کے لیے سائیکل یا اسکوٹر کرایے پر بھی مل جاتے ہیں، جس سے نہ صرف پیسوں کی بچت ہوتی ہے بلکہ آپ زیادہ جگہیں بھی دیکھ سکتے ہیں۔
ٹیکنالوجی کا استعمال
اسی طرح کسی ٹور گائیڈز پر اضافی رقم خرچ کرنے کے بجائے گوگل میپس، ٹریول ایپس اور یوٹیوب ویڈیوز سے معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔ آج کل تقریباً ہر جگہ کے متعلق مکمل گائیڈ، روٹس اور اخراجات آن لائن دستیاب ہیں، جو بجٹ کو مزید بہتر بنانے میں مدد دیتے ہیں۔
کم بجٹ میں سفر دراصل ذہانت، منصوبہ بندی اور تھوڑی سی تحقیق کا نتیجہ ہوتا ہے۔ اگر سیاح صحیح وقت، مناسب رہائش، مقامی کھانے، سستی ٹرانسپورٹ اور پہلے سے بُکنگ جیسے اصول اپنائیں تو سفر نہ صرف کم خرچ ہوتا ہے بلکہ زیادہ یادگار بھی بن جاتا ہے۔
