کراچی؛ مختلف علاقوں میں مبینہ پولیس مقابلے، 4 ملزمان زخمی حالت میں گرفتار

کراچی:
مختلف علاقوں میں مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران چار ملزمان زخمی حالت میں گرفتار کر لیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ سٹی کے علاقے گارڈن میں شاہین فورس سے فائرنگ کے تبادلے میں یونس عرف رستم چوہان نامی ملزم زخمی حالت میں گرفتار ہوا، جس کے قبضے سے پستول برآمد ہوا۔ ملزم کو سول اسپتال منتقل کردیا گیا۔
ڈسٹرکٹ سینٹرل کے علاقے خواجہ اجمیر نگری میں مقابلے کے دوران اکبر علی ولد لیاقت علی کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔ ایس ایس پی سینٹرل ڈاکٹر محمد عمران خان کے مطابق ملزم سے 9 ایم ایم پستول برآمد ہوا۔
ڈسٹرکٹ ویسٹ میں اورنگی ٹاؤن اور پاکستان بازار کے علاقوں میں مبینہ پولیس مقابلوں میں محمد وقار اور سلمان نامی ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔ ایس ایس پی ویسٹ طارق الٰہی مستوئی کے مطابق ملزمان سے اسلحہ، موبائل فونز اور نقدی رقم برآمد ہوئی ہے۔ تاہم گرفتار ملزمان کا سابقہ کریمنل ریکارڈ چیک کیا جارہا ہے۔
