متعدد پمپس پر پیٹرول ختم، عوام کی بڑی تعداد حصول کیلیے باہر نکل آئی

مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے باعث پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قلت کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔

سوشل میڈیا پر افواہوں اور زیر گردش خبروں کے بعد شہریوں کی بڑی تعداد پیٹرول کے حصول کیلیے پمپس پر پہنچ گئی اور گاڑیوں کے علاوہ بوتلوں میں بھی پیٹرول، و ڈیزل کے حصول کیلیے کوشاں ہے۔

ذرائع کے مطابق لاہور شہر میں 500 پمس میں سے صرف 200 کھلے ہوئے ہیں اور اُن پر بھی عوام کی بڑی تعداد موجود ہے۔

پیٹرولیم ایسوسیشن کے ذرائع کے مطابق لاہور میں دوسو پیٹرول پمپس پر پیٹرول کی قلت ہے جبکہ شہریوں کا کہنا ہے کہ آنے والے دنوں میں پیٹرول کی قیمت میں اضافے کے ساتھ اس کی شدید قلت کا سامنا ہوگا۔

ذرائع کے مطابق لاہور کے پانچ سو پیٹرول پمپس میں سے ڈیڑھ سو سے زیادہ میں پیٹرول کا اسٹاک ختم ہوگیا۔ اس بات کی تصدیق میاں نعمان مجید صدر سنٹرل پنجاب پی پی ڈی اے نے بھی کی ہے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ حکومت نے مداخلت نہ کی تو آئندہ تین چار روز میں لاہور کے باقی پٹرول پمپس بھی ڈرائی ہو جائیں گے کیونکہ لاہور کی طلب پنتیس سے چالیس ہزار لیٹر روزانہ کی ہے۔

میاں نعمان مجید نے کہا کہ پٹرول پمپس کو طلب سے پچاس فیصد پٹرول اور صرف دس فیصد ڈیزل پٹرولیم مارکیٹنگ کمپنیاں دے رہی ہیں۔ اتنی کم سپلائی کی وجہ سے کام نہیں چلے گا۔ 

انہوں نے کہا کہ پیٹرول کے بحران کا سن کر لوگوں کا پٹرول پمپس پر رش بڑھا ہے، ہر کسی کی کوشش ہے کہ گاڑی کی ٹنکی فل کرا لی جائے۔ 

میاں نعمان مجید نے کہا کہ صارفین کی اس کوشش کی وجہ سے طلب ساتھ ستر لاکھ لیٹر تک جا چکی ہے۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ لوگ پیٹرول کے حصول کے لیے بڑی شخصیات کی سفارشیں ڈلوا رہے ہیں۔ 

دوسری جانب آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے ڈیلرز کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی سپلائی کا کوٹہ فکس کردیا۔

پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسویسی ایشن کے چئیرمین عبدالسمیع خان کے مطابق آئل مارکیٹنگ کمپنیاں پیٹرول پمپوں کو انکی ڈیمانڈ کا صرف 50 فیصد پیٹرول اور ڈیزل فراہم کررہی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کے 20روز کے ذخائر موجود ہیں لیکن صارفین کی جانب سے گھبراہٹ میں اوور فلنگ اور ڈیمانڈ بڑھنے  ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی مصنوعی قلت کے خدشات پیدا ہوگئے ہیں۔

سمیع خان کے مطابق آئل مارکیٹنگ کمپنیاں اپنے پیٹرولیم ڈیلرز کو مطلوبہ سپلائی نہیں دیں گی تو پیٹرول پمپوں کی بندش کے خطرات لاحق ہوجائیں گے۔

Source: https://www.express.pk/story/2803362/petrol-stock-end-many-pumps-large-numbers-of-people-came-out-to-buy-2803362/

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *