لبنان میں دو اسرائیلی فوجی ہلاک
لبنان کے جنوبی علاقے میں کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں دو اسرائیلی فوجی ہلاک ہوگئے۔
غیرملکی خبرایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسرائیل نے لبنان کے خلاف گزشتہ ہفتے بمباری سمیت زمینی حملوں کا آغاز کردیا تھا اور آج فوج کے جانی نقصان کا اعتراف کیا ہے۔
اسرائیلی فوج نے بیان میں کہا کہ جنوبی لبنان میں دو اہلکار ہلاک ہوگئے ہیں۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق ہلاک فوجیوں میں 91 ویں گلیلی ریجنل ڈویژن کے لڑاکا انجینئرنگ یونٹ کے 38 سالہ سارجنٹ فرسٹ کلاس مہیر خطر بھی شامل ہے تاہم دوسرے اہلکار کی شناخت تاحال نہیں بتائی گئی۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ یہ واقعہ جنوبی لبنان میں واقع فوجی چیک پوسٹ کے قریب اس وقت پیش آیا جب اسرائیلی فوجی سرحد سے گزر رہے تھے۔
اسرائیلی فوج کے مطابق یہ واقعہ اسرائیلی ٹینک علاقے میں پھنس گئے تھے جس کے ریسکیو کے لیے مسلح فوجیوں سمیت بلڈوزر بھیجئے گئے تھے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ اسرائیل اور امریکا کے ایران پر حملوں کے بعد لبنان کی سرحد پر بھی اسرائیلی حملے جاری ہیں جہاں حزب اللہ اور اسرائیلی فوج کے درمیان کشیدگی پائی جاتی ہے اور دو طرفہ کارروائیاں ہو رہی ہیں۔
دوسری جانب لبنان میں اسرائیلی فضائی حملوں کے نتیجے میں ایک ہفتے کے دوران حزب اللہ کے جنگجوؤں سمیت 200 شہری شہید ہوگئے ہیں۔
