طیاروں کا ایندھن بھی مہنگا، ایئرلائنز کے کرایوں میں 5 سے 10 ہزار روپے اضافے کا امکان
پاکستان میں کمرشل پروازوں کے طیاروں کے لیے بطور ایندھن استعمال ہونے والے جی پی ون فیول کی قیمت بڑھا دی گئی ہے، جس کے بعد ائیرلائنوں کے کرایوں میں 5 تا 10 ہزاراضافہ ہوسکتا ہے۔
ذرائع کے مطابق حکومت نے طیاروں کے استعمال کے لیے جیٹ فیول کی قیمت میں بڑا اضافہ کر دیا، جس کے نتیجے میں کارگو اور مسافربردار اور سول ہوابازی کے تربیتی جہازوں میں استعمال ہونے والے جیٹ فیول کی قیمت میں 154 روپے فی لیٹر اضافہ کردیاگیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ جیٹ فیول کی قیمت 188.93 روپے سے بڑھ کر 342.37 روپے کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی ہے اور جیٹ فیول کی قیمت میں 82 فیصد کا ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔
مزید بتایا گیا کہ طیاروں کے ایندھن کی قیمتیں بڑھنے سے یک طرفہ ٹکٹ کی مد میں ائیرلائنزکے کرایوں میں 5 تا 10 ہزار روپے تک اضافے کا امکان ہے۔
